پشاور میں ٹماٹر مزید مہنگے، سرکاری نرخ 270 جبکہ بازار میں 370 روپے فی کلو تک فروخت
پشاور: شہر میں ٹماٹر کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے ٹماٹر کا سرکاری نرخ 225 روپے سے بڑھا کر 270 روپے فی کلو مقرر کر دیا ہے، تاہم بیشتر بازاروں میں ٹماٹر 350 سے 370 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ نامہ صرف کاغذوں تک محدود ہے اور اکثر دکاندار اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں، جس سے مہنگائی کے ستائے عوام پر مزید مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب سبزی فروشوں کا مؤقف ہے کہ تھوک مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے، دیگر شہروں سے نقل و حمل کے بڑھتے اخراجات اور طلب میں اضافے کے باعث سرکاری نرخ پر ٹماٹر فروخت کرنا ممکن نہیں رہا۔
ماہرین کے مطابق سبزیوں اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ سے گھریلو بجٹ شدید متاثر ہو رہا ہے، جبکہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔








