سابق وزیراعلیٰ کا دعویٰ، منصوبہ ان کے دور میں منظور، تعمیر اور فعال ہوا، موجودہ حکومت پر سیاسی کریڈٹ لینے کا الزام
سوات :سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے چیئرمین محمود خان نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے حالیہ دورۂ سوات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز سوات کا نام تبدیل کرکے اسے یونیورسٹی آف کمپیوٹنگ سائنسز اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے طور پر دوبارہ افتتاح کرنا عوام کے ساتھ دھوکہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کوئی نیا منصوبہ نہیں بلکہ اس کی منظوری، فنڈنگ، تعمیر اور افتتاح ان کے دورِ حکومت میں ہو چکا تھا۔ ان کے مطابق منصوبے کی عمارت کا تقریباً ستر فیصد کام بھی اسی دور میں مکمل ہوا جبکہ یونیورسٹی میں گزشتہ کئی برسوں سے تعلیمی سرگرمیاں جاری ہیں۔
محمود خان نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت پرانے منصوبوں پر نئی تختیاں لگا کر انہیں اپنی کامیابی ظاہر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر موجودہ نمائندوں میں صلاحیت ہوتی تو وہ سوات کے لیے نئے ترقیاتی منصوبے لاتے، لیکن وہ ایسا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرانے منصوبوں کا نام بدل کر دوبارہ افتتاح کرنا عوام کو گمراہ کرنے اور جھوٹا سیاسی کریڈٹ حاصل کرنے کی کوشش ہے۔








