مانسہرہ میں تیسرے روز بھی بارش، ناران میں لینڈ سلائیڈنگ سے جھیل روڈ بند

مانسہرہ میں تیسرے روز بھی بارش، ناران میں لینڈ سلائیڈنگ سے جھیل روڈ بند

خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ اور گردونواح میں تیسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔ جھیل روڈ اور ناران، جھل کھڈ روڈ پر پھنسے متعدد سیاحوں کو بحفاظت ناران منتقل کردیا گیا، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں کو آئندہ 3 سے 4 روز تک بالائی علاقوں کا غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مانسہرہ کے سیاحتی علاقے ناران میں سیلابی ریلے کے باعث جھیل روڈ پر شدید لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، جس کے نتیجے میں سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگئی۔ سڑک کی بحالی اور ملبہ ہٹانے کے لیے کے ڈی اے کی بھاری مشینری موقع پر پہنچا دی گئی ہے، جبکہ مختلف مقامات پر سیاحوں کی متعدد گاڑیاں اور جیپیں بھی پھنس گئیں۔

ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سڑکیں مکمل بحال ہونے تک ناران سمیت بالائی علاقوں کا غیر ضروری سفر نہ کریں اور سفر سے قبل متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے پشاور، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، لوئر چترال، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تورغر اور کرم سمیت مختلف اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح اور بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ بارشوں کا سلسلہ 23 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز اور حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

More News