خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلابی ریلوں سے 12 افراد جاں بحق، 18 زخمی

خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلابی ریلوں سے 12 افراد جاں بحق، 18 زخمی

پشاور: خیبرپختونخوا میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث مختلف حادثات میں 12 افراد جاں بحق جبکہ 18 زخمی ہوگئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 5 مرد، 5 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 10 مرد، 4 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔ بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث 18 گھروں کو بھی نقصان پہنچا، جن میں 15 گھروں کو جزوی جبکہ 3 گھر مکمل طور پر منہدم ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق حادثات پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، لوئر چترال، لوئر و اپر دیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تورغر، کرم اور شمالی وزیرستان میں پیش آئے۔

پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی رابطے میں رہتے ہوئے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو متاثرین کو فوری امدادی سامان فراہم کرنے اور امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے تمام دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح اور بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم شدید بارشوں کا سلسلہ 23 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ تمام ضلعی انتظامیہ کو پہلے ہی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی جاچکی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور حکومتی اداروں کی جانب سے جاری الرٹس اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔

پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے، موسمی صورتحال یا دیگر معلومات کے لیے مفت ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کرسکتے ہیں

More News