ہری پور: معمولی تنازع پر فائرنگ، ایک بھائی جاں بحق، دوسرا شدید زخمی، پولیس اہلکار معطل
ہری پور کے علاقے پنیاں میں گھر کے باہر بیٹھنے کے معمولی تنازع پر دو گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ اس کا بھائی شدید زخمی ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد پولیس پر مبینہ طور پر ملزمان سے رقم لے کر نامزد گرفتار افراد کو چھوڑنے کا الزام عائد کیا گیا، جس کے خلاف اہل علاقہ نے شاہراہ ریشم پر تقریباً سات گھنٹے تک دھرنا دے کر احتجاج کیا۔
عوامی دباؤ کے بعد ڈی پی او ہری پور نے پنیاں تھانے کے ایس ایچ او سمیت 6 اہلکاروں کو معطل کردیا، جبکہ ایک اہلکار کو کوارٹر گارڈ کرکے محکمانہ انکوائری کے احکامات جاری کردیئے گئے۔
ذرائع کے مطابق مقتول خاندان سے مبینہ طور پر 10 ہزار روپے رشوت لینے کے الزام میں اہلکار بشارت کو بھی معطل کرکے کوارٹر گارڈ کردیا گیا۔ احتجاج کے دوران مسلم لیگ ن کے ایم این اے بابر نواز خان بھی مظاہرین سے مذاکرات کے لیے پہنچے۔
بعد ازاں پولیس اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے پر سات گھنٹے سے جاری احتجاج ختم کردیا گیا اور شاہراہ ریشم کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور کے مطابق فرائض میں غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جارہی ہے، قانون سب کے لیے برابر ہے۔








