خیبرپختونخوا کابینہ میں مزید توسیع، 23 پارلیمانی سیکرٹریز مقرر، حکومتی عہدیداروں کی تعداد 53 ہوگئی

خیبرپختونخوا کابینہ میں مزید توسیع، 23 پارلیمانی سیکرٹریز مقرر، حکومتی عہدیداروں کی تعداد 53 ہوگئی

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبائی کابینہ میں مزید توسیع کرتے ہوئے صوبائی اسمبلی کے 23 اراکین کو مختلف محکموں کے پارلیمانی سیکرٹری مقرر کر دیا ہے، جس کے بعد صوبائی حکومت سے وابستہ عہدیداروں کی مجموعی تعداد 53 ہوگئی ہے۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے صوبائی اسمبلی کے مختلف حلقوں سے منتخب اراکین کو اہم صوبائی محکموں کی ذمہ داریاں سونپی ہیں۔ تعینات کیے گئے پارلیمانی سیکرٹریز مختلف محکموں میں حکومتی امور کی نگرانی، قانون سازی اور اسمبلی میں متعلقہ محکموں کی نمائندگی میں معاونت کریں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پی کے 4 سوات سے علی شاہ کو ہاؤسنگ، پی کے 56 مردان سے امیر فرزند خان کو منرل ڈویلپمنٹ، پی کے 9 سوات سے سلطان روم کو اوقاف، حج و مذہبی امور، پی کے 53 صوابی سے مرتضیٰ خان ترہ کئی کو زراعت جبکہ پی کے 2 چترال لوئر سے فتح الملک علی ناصر کو ثقافت، سیاحت و آثار قدیمہ کا پارلیمانی سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔

اسی طرح پی کے 85 نوشہرہ سے زر عالم خان کو ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، پی کے 33 کولئی پالس کوہستان سے محمد ریاض کو کھیل و امور نوجوانان، پی کے 27 بونیر سے عبدالکبیر خان کو اعلیٰ تعلیم، پی کے 10 سوات سے محمد نعیم کو ریونیو اینڈ اسٹیٹ جبکہ پی کے 14 دیر لوئر سے محمد اعظم خان کو زکوٰۃ، عشر و سماجی بہبود کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

مالیات کے محکمے کے لیے پی کے 109 جنوبی وزیرستان اپر سے آصف خان، آبپاشی کے لیے پی کے 34 بٹگرام سے زبیر خان، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے لیے پی کے 16 دیر لوئر سے شفیع اللہ، مواصلات و تعمیرات کے لیے پی کے 3 سوات سے شرافت علی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے لیے پی کے 12 دیر اپر سے محمد یامین کو پارلیمانی سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔

دیگر تعیناتیوں میں پی کے 89 نوشہرہ سے اشفاق احمد کو بلدیاتی حکومت، پی کے 43 ایبٹ آباد سے رجب علی خان عباسی کو ابتدائی و ثانوی تعلیم، پی کے 67 مہمند سے محبوب شیر کو لائیو اسٹاک، پی کے 77 پشاور سے شیر علی آفریدی کو موسمیاتی تبدیلی و جنگلات جبکہ پی کے 17 دیر لوئر سے عبید الرحمن کو اطلاعات و تعلقات عامہ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

علاوہ ازیں پی کے 105 لکی مروت سے جوہر محمد کو تکنیکی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیتی اتھارٹی، پی کے 54 مردان سے زرشاد خان کو صنعت و تجارت اور پی کے 99 بنوں سے زاہد اللہ خان کو داخلہ و قبائلی امور کا پارلیمانی سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل صوبائی حکومت میں وزیراعلیٰ سمیت 16 وزراء، 6 مشیر اور 8 معاونینِ خصوصی شامل تھے۔ اب 23 نئے پارلیمانی سیکرٹریز کی تعیناتی کے بعد صوبائی حکومت سے وابستہ عہدیداروں کی مجموعی تعداد 53 ہوگئی ہے۔

More News