پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی ہنگو میں قبائلی رہنما حاجی عزت گل کی شہادت کی شدید مذمت، اہلخانہ کے لیے شہید پیکج کا اعلان۔
پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ہنگو میں قبائلی رہنما اور امن کمیٹی کے رکن حاجی عزت گل پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے شہید کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی رہنما پر حملہ امن، استحکام اور قبائلی روایات پر حملہ ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ حاجی عزت گل نے قیام امن اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں گرانقدر خدمات انجام دیں، ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی مشران کی بے مثال قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور پوری قوم انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور حکومت عوام کے تعاون سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
انہوں نے شہید حاجی عزت گل کے اہلخانہ کے لیے شہید پیکج دینے کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔








