کراچی: ایرانی ٹماٹروں کی درآمد کے باوجود قیمتیں کم نہ ہو سکیں، کراچی میں ٹماٹر 500 روپے فی کلو تک پہنچ گئے۔
کراچی: ایرانی ٹماٹروں کی آمد کے باوجود کراچی کے شہریوں کو مہنگائی سے ریلیف نہ مل سکا اور شہر میں ٹماٹر کی قیمت مزید بڑھ کر 450 سے 500 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق پرچون مارکیٹ میں بلوچستان اور ایران سے آنے والے ٹماٹر 450 سے 500 روپے فی کلو جبکہ 250 گرام ٹماٹر 110 سے 125 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں۔ نسبتاً چھوٹے یا کچے ٹماٹر بھی 400 روپے فی کلو تک دستیاب ہیں۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ بیشتر دکاندار ایرانی ٹماٹر فروخت کرنے سے گریز کرتے ہیں کیونکہ یہ مقامی ٹماٹروں کے مقابلے میں جلد نرم اور خراب ہو جاتے ہیں۔ خریداروں نے بھی مہنگائی کے باعث ٹماٹر کی خریداری محدود کر دی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں ماہ کے آغاز میں ٹماٹر کی قیمت 300 روپے فی کلو سے زائد تھی، جبکہ جون کے تیسرے ہفتے میں 120 سے 160 روپے اور اپریل میں 80 سے 100 روپے فی کلو تھی۔
ٹماٹر کے کاشتکار اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق نائب صدر یونس سومرو کے مطابق ایران سے روزانہ اوسطاً 10 کنٹینرز ٹماٹر پاکستان پہنچ رہے ہیں، جو ملکی طلب کے مقابلے میں ناکافی ہیں۔ ان کے مطابق سندھ کی نئی فصل ستمبر کے وسط تک مارکیٹ میں آنے کے بعد قیمتوں میں کمی کا امکان ہے







