مشیروزیر خزانہ خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہفتہ واریا15دن بعد تبدیلی سے زیادہ بوجھ پڑتاہے،روزانہ کی بنیاد پر چھوٹی تبدیلی زیادہ بہتر ہے۔

رجب بٹ کا پہلی بار اپنی دولت سے متعلق حیران کن انکشاف، مجموعی اثاثے 100 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئے

لاہور: پاکستان کے معروف یوٹیوبر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر رجب بٹ نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں پہلی بار اپنی ذاتی زندگی، مالی کامیابی، قانونی مقدمات، سوشل میڈیا تنازعات اور مستقبل کے منصوبوں پر کھل کر گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کی مجموعی دولت 100 کروڑ پاکستانی روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔

رجب بٹ نے بتایا کہ وہ ایک متوسط طبقے کے گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور آج جس مقام پر ہیں، وہ کسی شارٹ کٹ کا نتیجہ نہیں بلکہ تقریباً 12 سال کی مسلسل محنت، جدوجہد اور لگن کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی حاصل کرنے کے لیے انہیں بے شمار مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، لیکن انہوں نے کبھی ہمت نہیں ہاری اور اپنے کام پر توجہ مرکوز رکھی۔

انہوں نے اپنے خلاف درج مختلف مقدمات پر بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کئی شہروں میں ان کے خلاف کیسز بنائے گئے، تاہم ان کا مقصد انصاف نہیں بلکہ شہرت حاصل کرنا تھا۔ ان کے مطابق بعض افراد نے صرف ان کا نام استعمال کرکے میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کی، جبکہ عدالتوں میں ان پر لگائے گئے الزامات ثابت نہیں ہو سکے۔

لندن سے پاکستان واپسی کے حوالے سے رجب بٹ نے بتایا کہ انہیں پہلے سے اندازہ تھا کہ وطن واپسی پر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس لیے انہوں نے تمام قانونی تقاضے پہلے ہی پورے کر لیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خوفزدہ نہیں تھے بلکہ خوش تھے کہ اپنے وطن واپس آ رہے ہیں، جہاں اگلے ہی روز عدالت میں پیش ہو کر قانونی کارروائی مکمل کی۔

پوڈکاسٹ کے دوران شیر رکھنے کے معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے رجب بٹ نے کہا کہ وہ صرف لائسنس کے حصول کے لیے معلومات اکٹھی کر رہے تھے کہ متعلقہ اداروں نے کارروائی کر دی۔ ان کے مطابق بعد میں اسی شیر کو دیکھنے آنے والے افراد اور اس کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بنانے والوں کی سرگرمیاں بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔

رجب بٹ نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنی والدہ کو دیتے ہوئے کہا کہ ان کی دعائیں، تربیت اور رہنمائی ہی ان کی اصل طاقت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین کی عزت اور ان کی نصیحتوں پر عمل کرنا ہر نوجوان کی ذمہ داری ہے۔

اپنی دولت اور لگژری لائف اسٹائل سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ مہنگی گھڑیاں، زیورات اور پرتعیش اشیاء ان کے بچپن کے خواب تھے، جو اللہ تعالیٰ نے کامیابی کے بعد پورے کر دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کوئی بااثر شخصیت یا “ڈان” نہیں بلکہ صرف ایک محنت کرنے والے یوٹیوبر اور ڈیجیٹل کریئیٹر ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اپنی کمائی کا بڑا حصہ خاندان کی ضروریات اور مستقبل پر خرچ کرتے ہیں۔ یوٹیوب سے حاصل ہونے والی آمدنی کے بارے میں سوال پر مسکراتے ہوئے انہوں نے خود کو “بلینیئر” قرار دیا اور کہا کہ ان کے مجموعی اثاثے 100 کروڑ روپے سے زیادہ ہیں، تاہم وہ اس کامیابی کو صرف اللہ تعالیٰ کا فضل اور برسوں کی انتھک محنت کا نتیجہ سمجھتے ہیں۔

آخر میں رجب بٹ نے نوجوانوں اور والدین کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر بچے شادی کے لیے ذہنی طور پر تیار ہوں تو ان پر جذباتی دباؤ ڈالنے کے بجائے ان کی رائے اور خوشی کو ترجیح دینی چاہیے، کیونکہ مضبوط خاندانی فیصلے باہمی اعتماد اور احترام سے ہی ممکن ہوتے ہیں۔

More News