خیبرپختونخوا میں بڑے پیمانے پر جوڈیشل افسران کے تبادلے اور تعیناتیاں
پشاور ہائیکورٹ نے عوامی مفاد اور عدالتی امور کی بہتر انجام دہی کے پیش نظر خیبرپختونخوا بھر میں 28 سینئر سول ججز کے تبادلے اور تقرریوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ چیف جسٹس اور دیگر فاضل ججز کی حتمی منظوری کے بعد ان تبادلوں کا باضابطہ اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق محمد ریحان صمد کو ٹانک سے ڈی آئی خان، شہزاد علی خان کو مہمند سے ٹانک، محمد ولی کو ایبٹ آباد سے کرک جبکہ بشارت رؤف کو بٹگرام سے بنوں منتقل کردیا گیا ہے۔
خاتون جوڈیشل افسران میں سائرہ بانو کو بنوں سے سوات، فرخندہ نوشین کو ڈی آئی خان سے مالاکنڈ، رابعہ عباسی کو سوات سے کوہاٹ اور مدیحہ رحمان کو بنوں سے ہنگو تعینات کیا گیا ہے۔
دیگر تبادلوں کے تحت محمد سہیل کو کوہاٹ سے بنوں، شیراز خان کو مانسہرہ سے مہمند، محمد ہارون کو مالاکنڈ سے ایبٹ آباد، یاسر حسین کو ڈی آئی خان سے نوشہرہ، عزیز احمد کو کرک سے بٹگرام اور عدنان اقبال کو ہنگو سے مانسہرہ منتقل کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ مظہر علی خان کو شانگلہ سے پشاور ہائیکورٹ میں بطور ڈپٹی رجسٹرار تعینات کردیا گیا ہے۔ ہائیکورٹ انتظامیہ نے تمام متعلقہ جوڈیشل افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اپنے نئے مقام تعیناتی پر پہنچ کر ذمہ داریاں سنبھالیں۔








