ٹانک پولیس کو جدید بکتر بند گاڑی فراہم، دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے کا عزم
پشاور: سنٹرل پولیس آفس پشاور میں خصوصی تقریب کے دوران انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے ضلع ٹانک کی آپریشنل استعداد کار بڑھانے اور دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید ترین بکتر بند گاڑی کی چابی ڈی پی او ٹانک کے حوالے کردی۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں پولیس کو جدید دفاعی اور آپریشنل وسائل سے لیس کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔ ٹانک دہشت گردی سے متاثرہ اہم اضلاع میں شامل ہے، جہاں پولیس اہلکار مشکل حالات میں فرائض انجام دے رہے ہیں، ایسے میں جدید بکتر بند گاڑی کی فراہمی سے پولیس کی دفاعی صلاحیت اور جوانوں کا تحفظ مزید مضبوط ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ بی 7 لیول تحفظ، ریموٹ کنٹرول ہتھیاروں کے نظام اور جدید جیمر سے لیس یہ بکتر بند گاڑی خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائیوں، انتہائی حساس مشنز، قافلوں کی حفاظت، حساس تنصیبات کی سیکیورٹی اور دشوار گزار علاقوں میں آپریشنز کے لیے استعمال کی جائے گی۔
آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صف اول کی فورس ہے اور پولیس کی آپریشنل برتری برقرار رکھنے کے لیے جدید اسلحہ، بکتر بند گاڑیاں، ڈرونز، ڈرون شکن نظام، جدید مواصلاتی اور نگرانی کے آلات مسلسل فراہم کیے جارہے ہیں۔
ذوالفقار حمید نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی، انتہا پسندی اور جرائم کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرے گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ، ریاست کی رٹ کے قیام اور دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
تقریب میں سنٹرل پولیس آفس کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ ڈی پی او ٹانک نے جدید بکتر بند گاڑی کی فراہمی پر آئی جی خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سہولت کو دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائیوں اور عوام کے تحفظ کے لیے بھرپور انداز میں استعمال کیا جائے گا۔








