کل سے بارشوں کا نیا طاقتور سپیل، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 29 جولائی سے مون سون بارشوں کے ایک نئے اور طاقتور سلسلے کے داخل ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ محکمہ کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مرطوب مون سون ہوائیں بالائی اور وسطی پاکستان میں داخل ہوں گی، جبکہ یکم اگست سے مغربی ہواؤں کا ایک مضبوط سلسلہ بھی ملک کے بیشتر علاقوں کو متاثر کرے گا، جس کے باعث کئی شہروں میں شدید بارش، اربن فلڈنگ، فلیش فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ جائیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر میں آج رات سے 5 اگست تک وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں موسلا دھار اور کہیں کہیں انتہائی موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ اسی طرح اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 29 جولائی سے 4 اگست تک تیز ہواؤں، گرج چمک اور شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، ملتان، وہاڑی، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں 31 جولائی سے 3 اگست کے دوران بارشوں کا امکان ہے۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 29 جولائی سے 5 اگست تک تیز ہواؤں، گرج چمک اور شدید بارش متوقع ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں آج شام سے 6 اگست تک درمیانی سے شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ بلوچستان کے مشرقی اور جنوبی علاقوں میں 31 جولائی سے 3 اگست تک جبکہ سندھ کے مختلف اضلاع میں 31 جولائی کی شام سے 2 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، ملتان اور فیصل آباد میں 30 جولائی سے 4 اگست تک اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ اسی طرح سندھ کے کئی نشیبی علاقوں میں بھی بارش کے پانی کے جمع ہونے اور زیر آب آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود رہے گا، جبکہ کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان کے پہاڑی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ بھی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں، سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کسانوں کو زرعی سرگرمیاں موسم کے مطابق ترتیب دینے جبکہ مویشی پال افراد کو جانوروں کی حفاظت یقینی بنانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔







