چھوٹے دکانداروں کیلئے خصوصی ٹیکس طریقہ کار متعارف، نوٹیفکیشن جاری

چھوٹے دکانداروں کے لیے خصوصی ٹیکس طریقہ کار متعارف، ایف بی آر کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چھوٹے دکانداروں کے لیے خصوصی ٹیکس طریقہ کار متعارف کراتے ہوئے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نئی اسکیم کا مقصد چھوٹے کاروباری افراد کو آسان، شفاف اور سادہ ٹیکس نظام فراہم کرنا ہے تاکہ وہ پیچیدہ ٹیکس قوانین سے بچتے ہوئے باآسانی اپنی ذمہ داریاں پوری کر سکیں۔

ایف بی آر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ خصوصی اسکیم انفرادی دکانداروں کے لیے ہوگی جن کا سالانہ کاروبار 20 کروڑ روپے تک ہے۔ یہ خصوصی ٹیکس طریقہ کار صرف ٹیکس سال 2026 کے لیے نافذ العمل ہوگا اور اس کے تحت اہل دکانداروں کو اپنے مجموعی کاروبار پر ایک فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے دکانداروں کے لیے ٹیکس ریٹرن جمع کراتے وقت کم از کم 25 ہزار روپے نقد ٹیکس ادا کرنا لازمی ہوگا۔ اگر کسی دکاندار کے ٹیکس پر پہلے سے ودہولڈنگ ٹیکس کٹ چکا ہے تو وہ قابلِ ادائیگی ٹیکس میں ایڈجسٹ کیا جا سکے گا، تاہم اگر ودہولڈنگ ٹیکس واجب الادا ٹیکس سے زیادہ ہو تو اضافی رقم واپس نہیں کی جائے گی۔

ایف بی آر کے مطابق اہل دکاندار آئی آر آئی ایس (IRIS) پورٹل، ایف بی آر کی موبائل ایپ یا متعلقہ ٹیکس دفتر کے ذریعے آسانی سے رجسٹریشن کرا سکیں گے۔ رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد دکاندار اس خصوصی ٹیکس اسکیم کے تحت اپنی سالانہ ذمہ داریاں ادا کر سکیں گے۔

نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس اسکیم کو اختیار کرنے والے دکانداروں کا معمول کے مطابق آڈٹ نہیں کیا جائے گا، جس سے انہیں غیر ضروری قانونی پیچیدگیوں اور بار بار کی جانچ پڑتال سے ریلیف ملے گا۔ تاہم اگر کسی کاروبار میں غیر معمولی مالی لین دین، غلط معلومات یا اسکیم کے غلط استعمال کے شواہد سامنے آئے تو ایف بی آر کو محکمانہ کارروائی اور آڈٹ کا مکمل اختیار حاصل ہوگا۔

خصوصی اسکیم کے تحت رجسٹرڈ اہل دکانداروں کو پی او ایس (POS) سسٹم اور ڈیجیٹل انوائسنگ کی لازمی شرط سے بھی استثنیٰ دیا گیا ہے، جس سے چھوٹے کاروباری افراد کے لیے کاروبار چلانا مزید آسان ہوگا۔

ایف بی آر نے خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی اہل دکاندار مقررہ تاریخ تک ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کراتا یا اس خصوصی اسکیم کا انتخاب نہیں کرتا تو اسے 10 ہزار سے 50 ہزار روپے تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اسکیم میں رجسٹرڈ تمام اہل دکانداروں کو ایف بی آر کی جانب سے کیو آر کوڈ پر مشتمل “گرین پلیٹ” جاری کی جائے گی، جو ان کی رجسٹریشن اور قانونی حیثیت کی نشاندہی کرے گی۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے ٹیکس نیٹ میں اضافہ، کاروباری سرگرمیوں کی دستاویز بندی اور ٹیکس نظام میں شفافیت کو فروغ ملے گا۔

More News