53 سال بعد سمندر میں بہائی گئی بوتل کا پیغام مل گیا، دلچسپ کہانی سامنے آگئی
نیو جرسی: امریکی ریاست نیو جرسی میں صفائی مہم کے دوران ایک ایسی بوتل دریافت ہوئی جس میں موجود پیغام تقریباً 53 سال قبل ایک بچی نے سمندر میں چھوڑا تھا۔ اس حیرت انگیز دریافت نے نہ صرف ایک پرانی یاد کو تازہ کر دیا بلکہ ایک خاندان کو بھی ماضی سے جوڑ دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیو جرسی کے دلدلی علاقوں کی صفائی کرنے والے ادارے کے شریک بانی جان کیوٹرمین اپنی ٹیم کے ہمراہ صفائی میں مصروف تھے کہ انہیں ایک پرانی شیشے کی بوتل ملی۔ بوتل کھولنے پر اس کے اندر محفوظ ایک خط ملا، جو 20 اگست 1973 کو اس وقت صرف 9 سالہ بچی لوری بلیئر کی جانب سے سمندر میں چھوڑا گیا تھا۔
خط میں لکھا گیا تھا کہ یہ بوتل اوشین سٹی کے ساحل سے پانی میں بہائی گئی ہے اور جس شخص کو یہ بوتل ملے، وہ اس پیغام کو واپس اس کے گھر بھیج دے۔ یہ دراصل ایک معصوم اور دلچسپ بچپن کا مذاق تھا، جسے لوری نے شوقیہ انداز میں ترتیب دیا تھا۔
بوتل ملنے کے بعد جان کیوٹرمین نے اس پیغام کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تاکہ خط لکھنے والی بچی یا اس کے اہل خانہ تک پہنچا جا سکے۔ چند ہی دنوں میں یہ پوسٹ لوری بلیئر کی بہن ایلیسین اسپنسر تک پہنچ گئی۔
ایلیسین اسپنسر نے بتایا کہ اس وقت ان کی عمر 16 سال تھی اور چونکہ ان کی لکھائی بہتر تھی، اس لیے لوری نے ان سے یہ پیغام لکھوایا تھا، جسے بعد ازاں ایک بوتل میں بند کرکے سمندر میں چھوڑ دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ لوری نہایت تخلیقی، خوش مزاج اور مزاحیہ طبیعت کی مالک تھی، جو ہمیشہ منفرد اور دلچسپ خیالات پر عمل کرنا پسند کرتی تھی۔
جان کیوٹرمین کو بعد میں معلوم ہوا کہ لوری بلیئر 2019 میں کینسر کے باعث انتقال کر چکی تھیں۔ انہوں نے یہ جان کر بھی حیرت کا اظہار کیا کہ ان کی اور لوری کی سالگرہ ایک ہی دن تھی، جسے انہوں نے ایک غیر معمولی اتفاق قرار دیا۔
بعد ازاں جان نے یہ تاریخی خط لوری کی بہن ایلیسین اسپنسر کو واپس بھیج دیا، جن کا کہنا ہے کہ وہ اس یادگار پیغام کو فریم کروا کر اپنے گھر میں محفوظ کریں گی تاکہ یہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک خوبصورت یادگار بن سکے۔







