ایکس نے نئی مالیاتی سروس متعارف کرا دی، صارفین کو بینکنگ اور کمائی کی سہولت
واشنگٹن: سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) نے امریکا میں اپنی نئی مالیاتی سروس “ایکس منی (X Money)” متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت پریمیم صارفین اب ایپ سے باہر جائے بغیر بینکنگ، ادائیگیوں اور دیگر مالیاتی سہولیات سے استفادہ کر سکیں گے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ سروس 28 جولائی سے امریکا میں تمام پریمیم اور پریمیم پلس سبسکرائبرز کے لیے دستیاب کر دی گئی ہے۔
ایکس کے مطابق اس نئی سروس کا مقصد پلیٹ فارم کو ایک مکمل “ایوری تھنگ ایپ” میں تبدیل کرنا ہے، جو ایلون مسک کے طویل مدتی وژن کا اہم حصہ ہے۔ ابتدائی آزمائشی مرحلے کے بعد اب یہ سہولت لاکھوں صارفین تک پہنچا دی گئی ہے۔
ایکس منی کے ذریعے صارفین اپنے اکاؤنٹ میں رقم محفوظ رکھ سکتے ہیں، دوسرے صارفین کو بغیر کسی ٹرانسفر فیس کے رقم بھیج سکتے ہیں، بلوں کی ادائیگی، وائر ٹرانسفر اور حتیٰ کہ فزیکل چیک بھی ارسال کر سکتے ہیں۔ کمپنی نے اس کے ساتھ ویزا ڈیبٹ کارڈ بھی متعارف کرایا ہے، جسے عام بینک کارڈ کی طرح خریداری اور ادائیگیوں کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔ ان تمام خدمات کے لیے کسی علیحدہ بینکنگ ایپ کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ پورا نظام ایکس پلیٹ فارم کے اندر ہی دستیاب ہوگا۔
کمپنی کے مطابق صارفین کی رقوم کراس ریور بینک میں محفوظ رکھی جائیں گی، جو امریکی ایف ڈی آئی سی سے منظور شدہ بینک ہے۔ اس کے تحت ہر صارف کے 250 ہزار ڈالر تک کے ڈپازٹس کو وفاقی انشورنس تحفظ حاصل ہوگا۔ مزید یہ کہ کمپنی نے کیش سوئپ پروگرام بھی متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے مخصوص شرائط پوری ہونے پر صارفین کی رقوم مختلف شراکت دار بینکوں میں تقسیم کی جا سکیں گی، جس سے مجموعی طور پر ایک کروڑ ڈالر تک کے ایف ڈی آئی سی تحفظ کی سہولت ممکن ہو سکتی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ پریمیم پلس صارفین اہل ڈپازٹس پر سالانہ 6 فیصد منافع (APY) حاصل کر سکیں گے، جبکہ عام پریمیم صارفین بھی مقررہ شرائط پوری کرنے کے بعد اسی شرح سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ شرح روایتی سیونگ اکاؤنٹس اور متعدد ہائی ییلڈ سیونگ اکاؤنٹس سے زیادہ ہے۔
اس کے علاوہ ایکس نے اپنے کریئیٹر مونیٹائزیشن پروگرام کو بھی مزید وسعت دی ہے، جس کے تحت اہل صارفین معیاری اور زیادہ مصروفیت (Engagement) حاصل کرنے والا مواد شائع کرکے اشتہارات اور دیگر ذرائع سے ہزاروں ڈالر تک کما سکتے ہیں۔ تاہم صرف اسکرولنگ کرنے سے آمدنی حاصل نہیں ہوگی، بلکہ کمائی کے لیے کمپنی کی مونیٹائزیشن شرائط پوری کرنا اور معیاری مواد تخلیق کرنا ضروری ہوگا۔







