پاکستان نے تیسری بار کاوا سینٹرل ایشیا والی بال چیمپئن شپ جیت لی
اسلام آباد: پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلا دیش کو شکست دے کر تیسری بار کاوا سینٹرل ایشیا والی بال چیمپئن شپ 2026 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
اسلام آباد کے لیاقت جمنازیم اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے بنگلا دیش کو یکطرفہ مقابلے میں 3-0 سے شکست دی۔ پاکستان نے پہلا سیٹ 25-20، دوسرا 25-16 جبکہ تیسرا سیٹ 25-20 سے جیت کر چیمپئن شپ اپنے نام کی۔
اس سے قبل پہلے سیمی فائنل میں بنگلا دیش نے ازبکستان کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر فیصلہ کن معرکے کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
فائنل میں کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے کاوا سینٹرل ایشیا والی بال چیمپئن شپ کا ٹائٹل تیسری مرتبہ جیت لیا۔







