ضلع خیبر میں شدید آندھی، طوفانی بارش اور سیلابی صورتحال، ریسکیو 1122 ہائی الرٹ

ضلع خیبر میں شدید آندھی، طوفانی بارش اور سیلابی صورتحال، ریسکیو 1122 ہائی الرٹ

خیبر: ضلع خیبر میں شدید آندھی، طوفانی بارش اور ندی نالوں میں طغیانی کے باعث مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے بعد ریسکیو 1122 نے ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے امدادی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہونے، شاہراہوں پر آمدورفت متاثر ہونے اور مختلف مقامات پر نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

ریسکیو 1122 کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں باڑہ اور لنڈی کوتل شامل ہیں، جہاں موسلادھار بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ باڑہ کے مختلف محلوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، جس کے بعد ریسکیو 1122 کی ڈی واٹرنگ ٹیموں نے فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر گھروں سے پانی نکالنے کا عمل شروع کیا۔ کئی رہائشی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ بعض گھروں کے کمروں کی چھتیں بھی گر گئیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق اگرچہ املاک کو نقصان پہنچا ہے، تاہم بروقت امدادی کارروائیوں اور حفاظتی اقدامات کی بدولت کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ امدادی ٹیمیں مسلسل متاثرہ علاقوں کا جائزہ لے رہی ہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر مزید کارروائیاں کی جا سکیں۔

دوسری جانب لنڈی کوتل میں سیلابی ریلوں نے پاک افغان شاہراہ پر واقع سات ہائی رسک کاز ویز کو زیر آب لا دیا، جس کے باعث کچھ وقت کے لیے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ ریسکیو 1122 کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور پانی کے بہاؤ کا جائزہ لینے کے بعد راستوں کو کلیئر کیا، جس کے بعد مرحلہ وار ٹریفک بحال کر دی گئی۔

ریسکیو 1122 کی ٹیمیں پاک افغان شاہراہ کے سات حساس مقامات پر مسلسل ڈیوٹی سرانجام دے رہی ہیں۔ ان مقامات میں علی مسجد کھٹہ کشتہ خوڑ، پڑانگ سنگ فرش خوڑ، والی خیل فرش، زیارت چیک پوسٹ فرش خوڑ، نیکی خیل فرش خوڑ، سدو خیل فرش خوڑ اور نادر خان کلی فرش خوڑ شامل ہیں، جہاں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اہلکار اور ریسکیو گاڑیاں تعینات ہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے پیش نظر ضلع خیبر کے تمام حساس علاقوں میں صبح سویرے ہی امدادی ٹیموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا تھا۔ تمام ریسکیو اہلکار جدید آلات اور ضروری سامان کے ساتھ فیلڈ میں موجود ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے یا ایمرجنسی کی صورت میں فوری امداد فراہم کی جا سکے۔

ریسکیو 1122 نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں اور سیلابی ریلوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔ والدین اپنے بچوں کو پانی کے قریب نہ جانے دیں، جبکہ شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے بھی اجتناب کریں۔ حکام نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے قیمتی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کیا جائے۔

More News

Breaking

کوئٹہ کان حادثہ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا اظہارِ افسوس، متاثرہ خاندانوں سے مکمل تعاون کی یقین دہانی

کوئٹہ کان حادثہ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا اظہارِ افسوس، متاثرہ خاندانوں سے مکمل تعاون کی یقین دہانی پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کوئٹہ میں

Read More »