خیبر روڈ پر بی آر ٹی فیڈر سروس کے اجرا کے لیے دائر درخواست پر سماعت
پشاور: پشاور ہائی کورٹ نے خیبر روڈ پر بی آر ٹی فیڈر روٹ یا شٹل سروس شروع کرنے سے متعلق درخواست پر چیف سیکرٹری اور سیکرٹری ماس ٹرانزٹ اینڈ ٹرانسپورٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک جواب طلب کر لیا۔
درخواست کی سماعت جسٹس وقار احمد اور جسٹس عنایت اللہ خان پر مشتمل بینچ نے کی۔ اس موقع پر پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر امین الرحمان نے مؤقف اختیار کیا کہ خیبر روڈ پر اب تک بی آر ٹی سروس شروع نہیں کی گئی، حالانکہ بی آر ٹی کے دو اسٹیشن اس علاقے کے قریب واقع ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر روڈ پر پشاور ہائی کورٹ، جوڈیشل کمپلیکس اور دیگر اہم سرکاری دفاتر موجود ہیں، لیکن فیڈر سروس نہ ہونے کی وجہ سے وکلا، بزرگ شہریوں، خواتین اور خصوصی افراد کو طویل فاصلہ پیدل طے کرنا پڑتا ہے۔
امین الرحمان نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے تقریباً آٹھ ماہ قبل فیڈر سروس شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، تاہم اس سلسلے میں تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔
عدالت نے متعلقہ حکام سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 18 اگست تک ملتوی کر دی۔








