راول ڈیم کے اسپیل ویز کھول دیے گئے، نشیبی علاقوں کے مکینوں کو الرٹ
راولپنڈی: راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد کے قریب پہنچنے کے بعد حکام نے اسپیل ویز کھول دیے ہیں، جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ڈیم میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے کے باعث پہلے سائرن بجائے گئے، جس کے بعد اضافی پانی کے اخراج کے لیے اسپیل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔
انتظامیہ نے نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو جائیں۔
رپورٹ کے مطابق اس وقت راول ڈیم میں پانی کی سطح 1748 فٹ سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ مسلسل بارشوں کے باعث پانی کی آمد میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
متعلقہ اداروں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر نشیبی علاقوں کا رخ نہ کریں اور سرکاری ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔








