پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش میں مضبوط رہی، مسلح افواج اور پیپلز لبریشن آرمی حقیقی شراکت دار ہیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر
چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل اور آرمی چیف سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی (PLA) حقیقی شراکت دار ہیں، جبکہ پاکستان اور چین کی دوستی ایک منفرد، آزمودہ اور وقت کی ہر کسوٹی پر پوری اترنے والی شراکت داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک علاقائی امن، استحکام اور مشترکہ تزویراتی مفادات کے تحفظ کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم پر قائم ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق عوامی جمہوریہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 99ویں سالگرہ کے موقع پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان اور چین کے اعلیٰ عسکری و سفارتی حکام نے شرکت کی۔
تقریب میں پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے، جبکہ چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارت خانے کے دیگر حکام اور پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور پیپلز لبریشن آرمی کو اس کے قیام کی 99ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے چین کی مسلح افواج کی قومی دفاع، ترقی، عالمی امن اور علاقائی استحکام کے لیے خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی چیلنجز کے باوجود ہمیشہ مضبوط اور ثابت قدم رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد، باہمی احترام اور اسٹریٹجک تعاون پر مبنی تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوئے ہیں، جو دونوں اقوام کے مشترکہ مفادات اور عوامی روابط کی عکاسی کرتے ہیں۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پیپلز لبریشن آرمی مستقبل میں بھی دفاعی تعاون، مشترکہ تربیت، انسداد دہشت گردی اور علاقائی سلامتی کے شعبوں میں قریبی اشتراک عمل جاری رکھیں گی۔
اس موقع پر چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے تقریب کے شاندار انعقاد پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قربانیوں اور کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی دونوں ممالک کے درمیان ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
تقریب میں پاک چین دیرینہ دوستی، دفاعی تعاون اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا بھی اعادہ کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو مستقبل میں مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔








