کبل دھماکے میں شہید 5 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا

کبل دھماکے کے شہداء کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا، بہادر اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش

سوات: کبل تھانے کے مرکزی گیٹ کے سامنے دہشت گردوں کے خودکش حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ پولیس ٹریننگ اسکول سوات میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ شہداء میں اے ایس آئی ہاشم خان، کانسٹیبل خالد خان، کانسٹیبل عثمان غنی، کانسٹیبل امین اللہ اور کانسٹیبل وطن خان شامل ہیں، جنہوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

نمازِ جنازہ میں ایڈیشنل آئی جی پی سی ٹی ڈی جواد قمر، کمشنر ملاکنڈ مسعود احمد، آر پی او ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ، کمانڈر 6 بریگیڈ بریگیڈیئر عامر جمال، ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت، ڈی پی او سوات محمد عمر خان، صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد سمیت پولیس، سول انتظامیہ، پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہداء کے اہل خانہ اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی، جبکہ ان کی میتوں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ شرکاء نے شہداء کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ نمازِ جنازہ کے بعد شہداء کی جسدِ خاکی پورے احترام کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئی، جہاں انہیں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

ترجمان سوات پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور نے تھانہ کبل اور پولیس لائن میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم ڈیوٹی پر موجود بہادر اہلکاروں نے بروقت مزاحمت کرتے ہوئے اسے مرکزی گیٹ پر روک لیا۔ ناکامی پر حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں پانچ پولیس اہلکار اور نو شہری جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہداء کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کے عزم اور بہادری کی روشن مثال ہیں

More News