ایران امریکا کشیدگی میں کمی کیساتھ ہی خام تیل کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ

ایران امریکا کشیدگی میں کمی، خام تیل کی عالمی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ

لاہور: ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی کے آثار سامنے آنے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ بین الاقوامی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے اور مزید حملے نہ کرنے کے اعلان کے بعد سرمایہ کاروں کے خدشات میں کمی آئی، جس کے نتیجے میں عالمی تیل مارکیٹ میں قیمتیں نیچے آگئیں۔

رپورٹ کے مطابق امریکی خام تیل (WTI) کی قیمت میں تقریباً 5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی قیمت تقریباً 80 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی۔ اسی طرح برطانوی خام تیل (برینٹ) کی قیمت بھی 4 فیصد سے زائد کم ہوکر تقریباً 84 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم ہونے سے عالمی توانائی کی سپلائی سے متعلق خدشات بھی کم ہوئے ہیں، جس کے باعث مارکیٹ میں استحکام دیکھنے میں آیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر آبنائے ہرمز مکمل طور پر بحال اور محفوظ رہتی ہے تو خام تیل کی قیمتیں مزید کم ہو سکتی ہیں اور جنگ سے پہلے والی سطح کے قریب پہنچنے کا امکان ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی سے توانائی درآمد کرنے والے ممالک کو معاشی ریلیف مل سکتا ہے، جبکہ مہنگائی پر قابو پانے میں بھی مدد ملنے کی توقع ہے۔

More News