راولپنڈی میں مون سون کی شدید بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب، 6 سالہ بچہ نالے میں بہہ گیا

راولپنڈی میں مون سون کی شدید بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب، 6 سالہ بچہ نالے میں بہہ گیا

راولپنڈی: جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں مون سون کی شدید بارش نے معمولاتِ زندگی درہم برہم کر دیے ہیں۔ مسلسل بارش کے باعث راولپنڈی کے متعدد نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے جبکہ مختلف شاہراہوں، گلیوں اور رہائشی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بارش کے دوران گرجہ روڈ کے علاقے ملک کالونی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ایک 6 سالہ بچہ برساتی نالے میں بہہ گیا، جس کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 کی ٹیمیں مسلسل سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق بچے کی تلاش کے لیے چار ایمرجنسی گاڑیاں، خصوصی ریسکیو آلات اور 10 سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ سرچ آپریشن کو مؤثر بنانے کے لیے دو الگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو نالے کے مختلف حصوں میں تلاش کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ تیز پانی کے بہاؤ اور مسلسل بارش کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، تاہم تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔

شدید بارش کے باعث راولپنڈی کینٹ، ڈھوک کھبہ، گرجہ روڈ اور دیگر نشیبی علاقوں میں سڑکیں اور گلیاں پانی میں ڈوب گئیں جبکہ کئی رہائشی علاقوں میں پانی گھروں کے اندر داخل ہوگیا۔ مقامی شہریوں نے نکاسی آب کے ناقص نظام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مستقل حل کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب رحیم آباد پل کے نیچے پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی جبکہ ایک ایمبولینس بھی پانی میں پھنس گئی، جس سے ہنگامی طبی خدمات متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوا۔

ضلعی انتظامیہ، واسا، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، برساتی نالوں سے دور رہیں اور بچوں کو تنہا باہر نہ جانے دیں۔

More News