ایران سے مذاکرات کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی
اسلام آباد: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے توانائی کی عالمی مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔ ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں ممکنہ کمی کی توقعات کے باعث سرمایہ کاروں نے تیل کی خریداری میں محتاط رویہ اختیار کیا، جس کے نتیجے میں قیمتیں نیچے آگئیں۔
تازہ کاروباری اعداد و شمار کے مطابق عالمی معیار کے برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً 4.2 فیصد کمی کے بعد 84 ڈالر فی بیرل تک گر گئی، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت میں تقریباً 5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد یہ 80 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی۔
کاروبار کے دوران قیمتوں میں مزید کمی بھی دیکھی گئی، جہاں امریکی خام تیل 78.97 ڈالر فی بیرل جبکہ برینٹ خام تیل 82.92 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوتا رہا۔ اسی طرح متحدہ عرب امارات کے مربن آئل کی قیمت بھی کم ہو کر 80.08 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوتی ہے اور خلیجی خطے میں کشیدگی کم ہوتی ہے تو عالمی سطح پر خام تیل کی سپلائی میں بہتری آسکتی ہے، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں مزید کمی کا امکان موجود ہے۔
ادھر ایرانی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بحری جہازوں کے لیے نہیں کھولا گیا، تاہم عمان کے ساتھ ایک محفوظ عارضی بحری راہداری کے قیام کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔ اگر یہ مذاکرات کامیاب ہو جاتے ہیں تو محدود پیمانے پر بحری جہازوں کی آمدورفت بحال ہونے سے عالمی منڈی میں تیل اور گیس کی فراہمی مزید مستحکم ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہا تو حکومت آئندہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر سکتی ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزارت خزانہ اور اوگرا کی سفارشات کی روشنی میں کیا جائے گا۔
اسی مثبت عالمی پیش رفت کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی کاروباری ہفتے کے پہلے روز زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، جہاں ہنڈرڈ انڈیکس میں 2700 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔







