کوہاٹ میں برساتی نالہ موت کا جال بن گیا، ماں اور بیٹی جاں بحق
کوہاٹ: نواحی علاقے پایا جواکی میں شدید بارشوں کے دوران پیش آنے والے افسوس ناک واقعے میں ایک خاتون اور اس کی بیٹی برساتی نالے میں بہہ کر جاں بحق ہو گئیں، جبکہ دوسرا بچہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
ذرائع کے مطابق خاتون اپنے دو بچوں کے ساتھ بکریاں لے کر جا رہی تھی کہ اسی دوران شدید بارشوں کے باعث برساتی نالے میں اچانک طغیانی آ گئی۔ خاتون نے بچوں کے ہمراہ نالہ عبور کرنے کی کوشش کی، تاہم پانی کا تیز بہاؤ انہیں اپنے ساتھ بہا لے گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ کافی تلاش کے بعد خاتون اور اس کی ایک بیٹی کی لاشیں نالے سے نکال لی گئیں، جبکہ دوسرا بچہ محفوظ رہا۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون اور بچی کی میتیں ضروری قانونی کارروائی کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کوہاٹ منتقل کر دی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے اس المناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان سے تعزیت کی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
انتظامیہ اور ماہرین نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ مون سون کے موسم میں برساتی نالوں اور آبی گزرگاہوں کو عبور کرنے سے گریز کیا جائے، کیونکہ اچانک آنے والے سیلابی ریلے انسانی جانوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔








