شانگلہ میں یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر پروقار تقریب اور یکجہتی واک کا انعقاد
شانگلہ: یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ضلع انتظامیہ شانگلہ کے زیرِ اہتمام ایک پروقار تقریب اور یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع بھر کے تمام لائن محکموں کے افسران، اہلکاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی، ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کرنا تھا۔
واک کے شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے نعرے لگائے۔ شرکاء نے 5 اگست 2019 کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بنیادی آزادیوں پر عائد پابندیوں کی شدید مذمت کی۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور کشمیریوں کی جائز جدوجہد ہر سطح پر اجاگر کی جاتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی حق کے حصول کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
تقریب کے دوران کشمیری شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جبکہ ان کی قربانیوں کو آزادی کی جدوجہد کا روشن باب قرار دیا گیا۔ شرکاء نے کشمیر کے عوام کی سلامتی، آزادی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
ضلع انتظامیہ شانگلہ نے اپنے پیغام میں کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیر کے مسئلے کے منصفانہ حل اور کشمیری عوام کی حمایت کے لیے آواز بلند کرنا جاری رکھا جائے گا۔








