جنوبی وزیرستان اور دیر میں کارروائیاں، 10 دہشت گرد ہلاک
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی کارروائی 6 اگست کو جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں کی گئی، جہاں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد مارے گئے۔
دوسری کارروائی ضلع دیر میں کی گئی، جہاں مزید 2 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
وزیراعظم اور صدر کا خراجِ تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان اور دیر میں کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائے جائیں گے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے








