دورۂ سعودی عرب، وزیرِاعظم شہباز شریف مدینہ منورہ پہنچ گئے، ملک و قوم کی خوشحالی کے لیے دعائیں
وزیرِاعظم نے مسجد نبوی ﷺ میں حاضری دی، ریاض الجنہ میں نوافل ادا کیے اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی
مدینہ منورہ: وزیرِاعظم محمد شہباز شریف دورۂ سعودی عرب کے سلسلے میں مدینہ منورہ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے پاکستانی وفد کے ہمراہ مسجد نبوی ﷺ میں حاضری دی۔
وزیرِاعظم نے مسجد نبوی ﷺ میں ریاض الجنہ میں نوافل ادا کیے اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے ملک و قوم کی بہتری اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بھی دعا کی۔
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے روضۂ رسول ﷺ پر بھی حاضری دی، جہاں انہیں زیارتِ خاص کی سعادت حاصل ہوئی۔ اس موقع پر انہوں نے امت مسلمہ اور پاکستان کی سلامتی و خوشحالی کے لیے بھی دعائیں کیں۔
وزیرِاعظم کے ہمراہ نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
دورۂ سعودی عرب کے دوران وزیرِاعظم شہباز شریف کی سعودی قیادت اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں باہمی تعلقات، دوطرفہ تعاون اور مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔








