چترال میں سیلابی صورتحال تشویشناک، دریائے چترال کا بہاؤ متاثر
ضلع چترال میں سیلابی صورتحال بدستور تشویشناک ہے، جہاں گہرت گول کے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو شدید مشکلات اور ممکنہ بڑے نقصان کا سامنا ہے۔ گہرت گول میں ملبہ جمع ہونے کے باعث دریائے چترال کا قدرتی بہاؤ متاثر ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں دریا نے عارضی جھیل اور ڈیم کی شکل اختیار کرلی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث دریائے چترال کے کنارے آباد دیہات کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ بیری نثار، گہرت اور دیگر علاقوں میں دریائی کٹاؤ کی صورتحال بھی تیزی سے سنگین ہوتی جا رہی ہے۔
سیلابی پانی کے باعث زرعی اراضی مسلسل دریا برد ہورہی ہے، جبکہ متعدد رہائشی مکانات بھی دریائی کٹاؤ کی زد میں آگئے ہیں۔ مقامی آبادی کو خدشہ ہے کہ اگر پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہوا تو مزید زمینیں اور مکانات متاثر ہوسکتے ہیں۔
دریائے چترال کے قدرتی بہاؤ میں رکاوٹ کے باعث نشیبی علاقوں میں خطرات بڑھ گئے ہیں۔ صورتحال کے پیش نظر مقامی آبادی میں تشویش پائی جاتی ہے اور متاثرہ علاقوں میں بروقت امدادی اقدامات اور ممکنہ انخلا کے انتظامات کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔






