جعلی امریکی گرین کارڈ پر سعودی ویزا حاصل کرنے والا مسافر آف لوڈ
اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی امریکی پرمیننٹ ریزیڈنس کارڈ کی بنیاد پر سعودی عرب کا ٹورسٹ ویزا حاصل کرنے والے مسافر کو آف لوڈ کردیا۔
ایف آئی اے کے مطابق کارروائی سیکنڈری پروفائلنگ کے دوران عمل میں لائی گئی۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پرواز PK-841 کے ذریعے سعودی عرب جانے والے مسافر کو سفری دستاویزات کی جانچ کے دوران روک لیا گیا۔
حکام کے مطابق مسافر کا تعلق ضلع پشاور سے ہے۔ سفری دستاویزات کی تفصیلی جانچ پڑتال کے دوران انکشاف ہوا کہ اس نے جعلی اور غلط بیانی پر مبنی امریکی پرمیننٹ ریزیڈنس کارڈ استعمال کرتے ہوئے سعودی عرب کا ٹورسٹ ویزا حاصل کیا تھا۔
ایف آئی اے حکام نے مسافر کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا، جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ جعلی سفری دستاویزات کے استعمال اور امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔





