پاکستانی محمد زبیر نے ٹیکن 8 ای اسپورٹس ورلڈ کپ 2026 جیت لیا
پاکستان کے محمد زبیر نے پیرس میں منعقدہ ٹیکن 8 ای اسپورٹس ورلڈ کپ 2026 اپنے نام کرکے ملک کے لیے عالمی اعزاز حاصل کرلیا۔
محمد زبیر نے گرینڈ فائنل میں جنوبی کوریا کے کھلاڑی ہائی لو کو شاندار مقابلے کے بعد 0-5 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ فائنل میں محمد زبیر نے اپنے پسندیدہ کردار ڈریگنوو جبکہ ہائی لو نے برائن فیوری کے ساتھ مقابلہ کیا۔
عالمی چیمپئن بننے والے محمد زبیر کو ورلڈ کپ ٹرافی کے ساتھ 3 لاکھ امریکی ڈالرز کی انعامی رقم بھی دی گئی، جو پاکستانی کرنسی میں 8 کروڑ 30 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔
شاندار کامیابی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر نے اپنی فتح کا کریڈٹ سخت محنت، مسلسل لگن اور پاکستان میں بھرپور پریکٹس کو دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کامیابی کے سفر میں ایک خاص دوست کی مدد اور حوصلہ افزائی بھی اہم رہی۔
محمد زبیر کی عالمی سطح پر کامیابی کو پاکستانی ای اسپورٹس کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کی فتح سے نہ صرف پاکستان کا نام عالمی ای اسپورٹس مقابلوں میں نمایاں ہوا بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بھی اس شعبے میں آگے بڑھنے کے نئے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔






