بونیر میں پرانی دشمنی پر فائرنگ، بچوں اور خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق
بونیر کے علاقے نواں کلے ڈگر میں پرانی خاندانی دشمنی کے شاخسانے میں فائرنگ کا دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دیرینہ خاندانی دشمنی کا نتیجہ ہے۔ حملے میں جاں بحق ہونے والوں میں 2 معصوم بچے اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ 2 دیگر افراد فائرنگ کی زد میں آکر شدید زخمی ہوئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال ڈگر منتقل کردیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ متاثرہ خاندان اور مقامی افراد میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور فائرنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حملے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ واقعے کے دیگر محرکات اور فائرنگ میں استعمال ہونے والے اسلحے سے متعلق بھی تحقیقات جاری ہیں۔






