غزہ: تباہ شدہ رہائشی عمارت کے ملبے سے 19 فلسطینیوں کی لاشیں برآمد
غزہ سول ڈیفنس نے مغربی غزہ شہر میں ایک تباہ شدہ رہائشی عمارت کے ملبے سے 19 فلسطینیوں کی لاشیں اور انسانی باقیات برآمد کرلی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خصوصی ریسکیو ٹیمیں شدید وسائل کی کمی کے باوجود ملبے تلے دبے افراد کی لاشوں کی بازیابی کے منصوبے کے دوسرے مرحلے پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ریسکیو ٹیموں نے مغربی غزہ شہر کی السینا اسٹریٹ پر واقع کرم رہائشی عمارت میں چار روز تک تلاش اور بازیابی کا آپریشن کیا۔ حکام کے مطابق یہ عمارت اسرائیلی حملے کے دوران تباہ ہوئی تھی، جس کے ملبے تلے متعدد افراد دب گئے تھے۔
سول ڈیفنس کے باڈی ریکوری پراجیکٹ کے ایگزیکٹو سپروائزر محمد ابو دان کے مطابق مذکورہ مقام پر تلاش اور بازیابی کی کارروائیاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خصوصی یونٹس اب غزہ شہر کے دوسرے علاقے میں منتقل ہوگئے ہیں، جہاں منصوبے کے دوسرے مرحلے کے تحت مزید بازیابی آپریشن شروع کیے جائیں گے۔
حکام نے بتایا کہ یہ منصوبہ 19 جولائی کو شروع کیا گیا تھا، جس کے تحت غزہ میں تباہ ہونے والے 147 گھروں کے ملبے تلے موجود تقریباً 1,072 لاشوں کی تلاش کی جا رہی ہے۔
غزہ سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بسال نے بتایا کہ یہ کام انتہائی محدود وسائل کے ساتھ جاری ہے۔ ان کے مطابق ریسکیو ٹیموں کے پاس اس وقت ایک کھدائی کرنے والی مشین، ایک بلڈوزر اور ایک ٹرک موجود ہے، جبکہ بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کی جانب سے بھی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق بھاری ملبے، محدود مشینری اور دیگر مشکلات کے باعث لاشوں کی بازیابی کا عمل انتہائی دشوار ہے، تاہم امدادی ٹیمیں دستیاب وسائل کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔




