میر رضا کیس، اغوا کے مقدمے میں قتل کی دفعہ شامل، نئی ٹیم کی ازسرنو تفتیش شروع

میر رضا کیس، اغوا کے مقدمے میں قتل کی دفعہ شامل، نئی ٹیم کی ازسرنو تفتیش شروع

کراچی کے فیروز آباد تھانے میں درج میر رضا کے اغوا کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے مقدمہ الزام نمبر 795/20 میں اغوا کی دفعہ 365 کے ساتھ قتلِ عمد کی دفعہ 302 بھی شامل کرلی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق مقدمے میں قتل کی دفعہ قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ کی روشنی میں شامل کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش کے دوران سامنے آنے والے شواہد کی بنیاد پر مقدمے کی نوعیت اور دیگر قانونی پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

دوسری جانب میر رضا کی موت کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی نئی تحقیقاتی ٹیم نے ازسرنو تفتیش کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئی ٹیم جائے وقوعہ کا دوبارہ معائنہ کرے گی اور کیس سے متعلق دستیاب شواہد کا تفصیلی جائزہ لے گی۔

تحقیقاتی ٹیم میر رضا کے لواحقین اور دیگر متعلقہ افراد سے بھی دوبارہ پوچھ گچھ کرے گی تاکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں کو سامنے لایا جاسکے۔

پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران پہلے سے حاصل کیے گئے شواہد کے ساتھ ساتھ نئے دستیاب شواہد کا بھی ازسرنو تجزیہ کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کو مختلف پہلوؤں سے آگے بڑھایا جائے گا تاکہ میر رضا کی موت کے اصل حقائق سامنے آسکیں۔

More News