اقلیتیں معاشرے کا حسن، عزت اور تحفظ پر سمجھوتا نہیں ہوگا: مریم نواز

اقلیتیں معاشرے کا حسن، عزت اور تحفظ پر سمجھوتا نہیں ہوگا: مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے قومی اقلیتی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کا پاکستان سب کا وطن ہے، جہاں تمام شہری اپنے عقیدے کے مطابق آزاد اور محفوظ زندگی گزارنے کے حقدار ہیں۔

مریم نواز شریف نے وطن عزیز کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خدمات انجام دینے والی اقلیتی برادریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق، آزادی اور تحفظ کے لیے قائداعظم کے افکار پر عمل پیرا ہونے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادریاں پاکستانی معاشرے کا حسن اور سر کا تاج ہیں، ان کی عزت، ناموس، تحفظ اور ترقی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ حکومت اقلیتوں کو معاشرے کا برابر کا حصہ سمجھتی ہے اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو اپنی ذمہ داری قرار دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتی برادری کو تعلیم، ترقی اور فلاح و بہبود کے یکساں مواقع فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ ان کے مطابق تاریخ میں پہلی بار پنجاب میں اقلیتی برادری کے لیے مینارٹی کارڈ متعارف کرایا گیا، جس کے ذریعے مستحق اقلیتی خاندانوں کو سہ ماہی بنیادوں پر ساڑھے 10 ہزار روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔

اقلیتی برادری کے لیے قانونی اقدامات

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کو پہلا سکھ میرج ایکٹ 2024 منظور کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہوا ہے، جس کے بعد ’’آنند کارج‘‘ کو قانونی حیثیت حاصل ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ طویل عرصے سے زیر التوا ہندو میرج ایکٹ 2017 کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ کے مطابق پنجاب میں اقلیتی برادری کے لیے تعلیم، صحت اور روزگار تک آسان رسائی یقینی بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں۔ رواں مالی سال اقلیتی برادری کے لیے ترقیاتی و غیر ترقیاتی بجٹ کے ساتھ مذہبی تہواروں کے لیے مختص گرانٹ میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تاریخی گوردواروں، گرجا گھروں اور مندروں کی تعمیر و بحالی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اقلیتی طلبہ کے لیے سکالرشپس کا اجرا کیا گیا ہے جبکہ یوحنا آباد میں لائیو کورسز بھی شروع کیے گئے ہیں۔

مذہبی تہوار سرکاری سطح پر منانے کا اعلان

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں بیساکھی، ہولی، دیوالی، کرسمس اور ایسٹر اب سرکاری سطح پر بھرپور انداز میں منائے جاتے ہیں۔ صوبے میں اقلیتی کوٹہ سسٹم پر بھی من و عن عمل کیا جارہا ہے تاکہ اقلیتی برادری کے افراد کو تعلیم، ملازمت اور دیگر شعبوں میں ان کا جائز حصہ مل سکے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کی صرف محافظ ہی نہیں بلکہ انہیں ہر میدان میں مساوی مواقع اور ان کا جائز حق دینے کے لیے بھی پرعزم ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب تیزی سے ایسے معاشرے کی جانب بڑھ رہا ہے جہاں محبت، برداشت، مذہبی ہم آہنگی اور باہمی احترام اس کی پہچان بنیں گے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادریاں پاکستان کے دلکش رنگ ہیں اور ان رنگوں کو کبھی ماند نہیں پڑنے دیا جائے گا۔

More News