یوٹیوب نے نئے کریئیٹرز کیلئے کمائی کی شرائط سخت کر دیں

یوٹیوب نے نئے کریئیٹرز کے لیے کمائی کی شرائط سخت کرنے کا اعلان کردیا

یوٹیوب نے نئے کریئیٹرز کے لیے اپنے پلیٹ فارم سے آمدنی حاصل کرنے کی شرائط مزید سخت کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت یوٹیوب پارٹنر پروگرام (YPP) میں شامل ہوکر اشتہارات اور یوٹیوب پریمیم سے کمائی کرنے کے خواہشمند نئے کریئیٹرز کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ واچ آورز یا شارٹس ویوز حاصل کرنا ہوں گے۔

گوگل کی ملکیت یوٹیوب کے مطابق نئی شرائط یکم فروری 2027 سے نئے درخواست گزاروں پر لاگو ہوں گی۔ نئی پالیسی کے تحت کریئیٹرز کو گزشتہ 365 دنوں میں 8 ہزار اہل واچ آورز یا گزشتہ 90 دنوں میں 2 کروڑ اہل یوٹیوب شارٹس ویوز حاصل کرنا ہوں گے۔

اس سے قبل یوٹیوب پارٹنر پروگرام میں شمولیت کے لیے 4 ہزار واچ آورز یا ایک کروڑ شارٹس ویوز درکار تھے۔ یوں نئے کریئیٹرز کے لیے دونوں اہداف کو دگنا کردیا گیا ہے، جس سے یوٹیوب پر نئی ویڈیوز بنانے والوں کے لیے آمدنی کے پروگرام تک رسائی مزید مشکل ہوسکتی ہے۔

تاہم یوٹیوب نے پروگرام میں شامل ہونے کے لیے کم از کم ایک ہزار سبسکرائبرز کی شرط میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ یعنی نئے کریئیٹرز کو واچ آورز یا شارٹس ویوز کی نئی حد پوری کرنے کے ساتھ کم از کم ایک ہزار سبسکرائبرز بھی حاصل کرنا ہوں گے۔

یوٹیوب پارٹنر پروگرام دنیا بھر کے لاکھوں کریئیٹرز کے لیے آمدنی کا اہم ذریعہ ہے۔ دستیاب معلومات کے مطابق اس پروگرام کے ذریعے دنیا بھر میں 30 لاکھ سے زائد کریئیٹرز اپنی ویڈیوز سے آمدنی حاصل کر رہے ہیں۔

نئی پالیسی کا اطلاق صرف ان کریئیٹرز کی نئی درخواستوں پر ہوگا جو یکم فروری 2027 سے یوٹیوب پارٹنر پروگرام میں شمولیت کے لیے درخواست دیں گے۔

More News