زخمی اسسٹنٹ کمشنر کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، ثمر ہارون بلور
پشاور: مشیر گورنر خیبرپختونخوا برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ ثمر ہارون بلور نے اسسٹنٹ کمشنر عادل وسیم پر فائرنگ کے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زخمی افسر کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ثمر ہارون بلور نے عادل وسیم کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فائرنگ میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ سرکاری افسران اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، جبکہ امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
مشیر گورنر نے ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی بروقت کارروائی اور طبی امداد کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام اور سرکاری ملازمین کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرنے پر بھی زور دیا۔








