ویٹرنری اسسٹنٹ کی 141 آسامیوں پر صرف 102 امیدوار کامیاب
پشاور: محکمہ لائیوسٹاک خیبرپختونخوا کی جانب سے ویٹرنری اسسٹنٹ کی 141 آسامیوں کے لیے منعقدہ ٹیسٹ میں 3 ہزار سے زائد امیدواروں میں سے صرف 102 امیدوار مطلوبہ 50 فیصد نمبر حاصل کرکے کامیاب ہو سکے۔
آسامیوں کے مقابلے میں کامیاب امیدواروں کی تعداد کم ہونے کے باعث محکمہ لائیوسٹاک کو بھرتی کا عمل مکمل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، جس کے بعد پاسنگ مارکس کم کرنے کی تجویز پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ویٹرنری اسسٹنٹ کی آسامیوں پر بھرتی کے لیے نیٹ ایجوکیشن ٹیسٹنگ ایجنسی (اپنا) کے ذریعے ٹیسٹ منعقد کیا گیا تھا۔ محکمہ لائیوسٹاک اور ٹیسٹنگ ایجنسی کے درمیان معاہدے کے تحت ٹیسٹ میں کامیابی کے لیے کم از کم 50 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ میں 3 ہزار سے زائد امیدواروں نے شرکت کی، تاہم صرف 102 امیدوار ہی مطلوبہ معیار پر پورا اتر سکے۔
141 آسامیوں کے مقابلے میں کامیاب امیدواروں کی تعداد کم ہونے کے باعث محکمہ لائیوسٹاک نے بھرتی کا عمل مکمل کرنے کے لیے پاسنگ مارکس میں کمی کی تجویز پر غور شروع کر دیا ہے۔





