پنجاب میں 15 اگست تک موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری، اربن فلڈنگ کا خدشہ

پنجاب میں 15 اگست تک موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری، اربن فلڈنگ کا خدشہ

لاہور: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے صوبے میں مون سون بارشوں کے پانچویں سلسلے کے پیش نظر 15 اگست تک بارشوں کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ صوبے کے بیشتر اضلاع میں آندھی، گرج چمک اور موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، لیہ، بھکر، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان سمیت مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔

راولپنڈی اور پوٹھوہار ریجن میں 13 اگست کی شام یا رات سے 15 اگست تک موسلادھار بارش متوقع ہے، جبکہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ برساتی نالوں میں اچانک طغیانی کا خطرہ بھی موجود ہے۔

پی ڈی ایم اے نے مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر شہریوں اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ صوبے کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز سمیت متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، بلدیاتی اداروں اور لائیو اسٹاک کے محکموں کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کچے اور بوسیدہ مکانات میں رہائش نہ رکھیں اور گرج چمک کے دوران کھلے مقامات پر جانے سے اجتناب کریں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

More News