خیبرپختونخوا میں بارشوں کا نیا الرٹ، لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
پشاور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا میں مزید بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 12 اگست کی رات سے 15 اگست تک بالائی اور وسطی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش متوقع ہے، جبکہ مردان، صوابی، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، مہمند اور کرم میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث حساس پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے اور دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔
متعلقہ اداروں کو سڑکوں اور نکاسیٔ آب کے نظام کو کلیئر رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ بارش کے دوران شہریوں کو ممکنہ مشکلات سے بچایا جاسکے۔








