پسند کی شادی کا المناک انجام، نوجوان دلہن مبینہ طور پر قتل

پسند کی شادی کا المناک انجام، نوجوان دلہن مبینہ طور پر قتل

خانیوال: تھانہ صدر کی حدود چک نمبر 170 دس آر میں پسند کی شادی کرنے والی نوجوان لڑکی اقرا کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق اقرا نے تین روز قبل اپنی پسند سے محمد سہیل کے ساتھ شادی کی تھی۔

مقتولہ کے شوہر کے مطابق اقرا کے والد فلک شیر اسے سسرال سے یہ کہہ کر اپنے گھر لے گئے تھے کہ بیٹی کی باعزت رخصتی گھر سے کی جائے گی۔ تاہم گھر پہنچنے کے بعد مبینہ طور پر فلک شیر نے اپنے دو بھائیوں اور بیٹے کے ساتھ مل کر اقرا کو قتل کردیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے مقتولہ کے شوہر محمد سہیل کی مدعیت میں فلک شیر، ان کے دو بھائیوں اور ایک بیٹے کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس نے مقتولہ کے والد فلک شیر کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ دیگر نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

More News