ایل این جی کی قیمتوں میں بڑی کمی، اوگرا نے نوٹیفکیشن جاری کردیا
اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل این جی کی قیمتوں میں 27.71 فیصد تک بڑی کمی کردی، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن سسٹم کے لیے ایل این جی کی قیمت میں 6.81 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 19.03 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی ہے۔
سوئی ناردرن سسٹم کے لیے ایل این جی کی سابقہ قیمت 25.84 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تھی۔
اسی طرح سوئی سدرن سسٹم کے لیے ایل این جی کی قیمت میں 6.95 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کمی کردی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 18.13 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگئی ہے۔
سوئی سدرن سسٹم کے لیے ایل این جی کی سابقہ قیمت 25.08 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تھی۔
اوگرا کی جانب سے قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد دونوں سوئی سسٹمز کے لیے درآمدی ایل این جی کی لاگت میں کمی آئے گی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق اوگرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہوگا۔
ایل این جی کی قیمتوں میں اس نمایاں کمی سے گیس کی مجموعی لاگت پر بھی اثر پڑنے کی توقع ہے، تاہم صارفین کے لیے حتمی مالی اثرات دیگر عوامل، ٹیکسز اور گیس قیمتوں کے طریقہ کار سے منسلک ہوں گے۔







