افواجِ پاکستان کی قوم کو 79ویں جشنِ آزادی پر مبارکباد
راولپنڈی: افواجِ پاکستان نے قوم کو 79ویں جشنِ آزادی کے پُرمسرت موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے مادرِ وطن کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل، نیول چیف اور ائیر چیف نے قوم کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تمام خطرات کے خلاف مادرِ وطن کے دفاع کے لیے افواجِ پاکستان کا غیر متزلزل عزم برقرار ہے۔ مسلح افواج نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے محافظ کی حیثیت سے وطن کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بانیانِ پاکستان کا وژن اور اصول قوم کو پاکستان کے نظریات اور اقدار کی پاسداری کے لیے مسلسل رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ قوم کے ساتھ متحد ہو کر مسلح افواج امن و استحکام کے تحفظ کے لیے ثابت قدم رہیں گی۔
مسلح افواج نے قوم کو اتحاد، قومی یکجہتی اور برداشت کو فروغ دینے کا پیغام دیتے ہوئے غازیوں اور سابق فوجیوں کی خدمات کو سلام پیش کیا، جبکہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا۔








