پیٹرولیم لیوی کی وصولی ہدف اور آئی ایم ایف تخمینے سے تجاوز کرگئی
ذرائع کے مطابق مالی سال 2025-26 میں حکومت نے پیٹرولیم لیوی کی مد میں ہدف اور آئی ایم ایف کے تخمینے سے بھی زیادہ وصولی کی۔ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں لیوی کی وصولی میں 347 ارب 24 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا۔
حکومتی ہدف 1468 ارب روپے تھا، جبکہ آئی ایم ایف نے 1546 ارب روپے وصولی کا تخمینہ لگایا تھا۔ تاہم ذرائع کے مطابق پیٹرولیم لیوی کی اصل وصولی آئی ایم ایف کے تخمینے سے تقریباً 21 ارب روپے زیادہ رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2024-25 میں پیٹرولیم لیوی سے 1220 ارب 21 کروڑ روپے، 2023-24 میں 1019 ارب روپے جبکہ 2022-23 میں 580 ارب روپے وصول ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت پیٹرول پر 80 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 77 روپے 28 پیسے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی عائد ہے۔ اس کے علاوہ پیٹرول اور ڈیزل پر 5،5 روپے فی لیٹر کلائمیٹ سپورٹ لیوی بھی وصول کی جا رہی ہے، جس کی مد میں 50 ارب 16 کروڑ روپے الگ سے حاصل ہوئے۔








