بابر اعظم ہاتھ پر گیند لگنے سے زخمی، محمد نواز بھی انجری کا شکار
پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم سلیکٹ الیون کے خلاف پریکٹس میچ کے دوران ہاتھ پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے، جس کے بعد انہیں احتیاطاً میچ کے بقیہ حصے سے باہر کردیا گیا۔ ڈاکٹرز نے بابر اعظم کو آرام کا مشورہ دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق بابر اعظم کی انجری کے حوالے سے فی الحال تشویش کی کوئی بڑی بات نہیں، جبکہ وہ پیر کو ہیڈنگلے کرکٹ گراؤنڈ میں پریکٹس سیشن میں شرکت کریں گے۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے آل راؤنڈر محمد نواز بھی انگلی کی انجری کا شکار ہوگئے ہیں اور انہیں نیشنل چیمپئنز کپ سے باہر کردیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق محمد نواز کم از کم تین ہفتے تک مسابقتی کرکٹ سے دور رہیں گے، جبکہ وہ دو ہفتے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کرکے بحالی اور فٹنس پروگرام شروع کریں گے۔
محمد نواز نیشنل چیمپئنز کپ میں پاکستان گولڈ کی نمائندگی کر رہے تھے۔ بابر اعظم اور محمد نواز کی انجریز نے قومی ٹیم کی تیاریوں پر توجہ مزید بڑھا دی ہے، خاص طور پر انگلینڈ کے خلاف آنے والی ٹیسٹ سیریز سے قبل ٹیم مینجمنٹ دونوں کھلاڑیوں کی فٹنس پر نظر رکھے ہوئے ہے۔








