سابق فوجیوں کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
راولپنڈی: یومِ آزادی کے موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاک فوج کے سابق فوجیوں کے اعزاز میں خصوصی استقبالیہ دیا، جس میں ریٹائرڈ افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق استقبالیے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملکی دفاع کے لیے سابق فوجیوں کی گراں قدر اور تاحیات خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے قومی استقامت کے فروغ اور اسے مضبوط بنانے میں سابق فوجیوں کے دیرپا کردار کو بھی سراہا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ سابق فوجیوں کا تجربہ، رہنمائی اور پاک فوج کے ساتھ مسلسل رابطہ ایک قیمتی ادارہ جاتی اثاثہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور کے تیزی سے بدلتے اور پیچیدہ سکیورٹی ماحول میں سابق فوجیوں کے تجربات اور رہنمائی کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
تقریب کے دوران سابق فوجیوں نے پاک فوج کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور ملک کو درپیش ابھرتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلح افواج کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سابق فوجیوں نے قومی اتحاد، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار مستقبل میں بھی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ تقریب میں ملکی دفاع، قومی یکجہتی اور ادارہ جاتی روابط کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔





