قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کیلئے 200 محفوظ گھر تعمیر کیے جائیں گے، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان
گلگت: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی بحالی اور انہیں محفوظ رہائش فراہم کرنے کے لیے سندھ حکومت کے تعاون سے 200 محفوظ گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں، جبکہ مستقبل میں بھی متاثرین کی بحالی اور محفوظ چھت کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ کو محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی جانب سے ڈونرز کے تعاون سے شروع کیے جانے والے 16 ارب روپے مالیت کے کلائمیٹ ریزیلینس پروجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں منصوبے کے مختلف پہلوؤں، اس کے تحت شروع کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ کلائمیٹ ریزیلینس پروجیکٹ کے تحت گلگت بلتستان میں ماحول دوست اور محفوظ تعمیرات کو فروغ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ صاف پانی کی فراہمی، سیوریج سسٹم کی بہتری اور آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی سمیت مختلف منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ گلگت بلتستان قدرتی آفات کے حوالے سے انتہائی حساس خطہ ہے، جہاں ہر سال کلاؤڈ برسٹ، سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے باعث متعدد گھر تباہ ہوجاتے ہیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ قدرتی آفات سے تباہ ہونے والے گھروں کی جگہ متاثرہ شہریوں کے لیے محفوظ مکانات تعمیر کیے جائیں تاکہ انہیں دوبارہ قدرتی آفات کے خطرے سے کم سے کم متاثر ہونا پڑے اور متاثرہ خاندانوں کو مستقل بنیادوں پر رہائش کی سہولت فراہم کی جاسکے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے گزشتہ سال بوبر کے سیلاب متاثرین کے لیے ایک کالونی قائم کی گئی تھی، جبکہ رواں سال سندھ حکومت کے تعاون سے قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کے لیے 200 محفوظ گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں۔
امجد حسین ایڈووکیٹ نے ہدایت کی کہ کلائمیٹ ریزیلینس پروجیکٹ میں بھی قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کے لیے محفوظ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ شامل کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو آفت زدہ علاقوں میں متاثرہ گھروں کی تعمیر و بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کرنے اور اس سلسلے میں متعلقہ اسٹیئرنگ کمیٹی سے باضابطہ منظوری حاصل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے منصوبے پر شفاف عملدرآمد یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے پروجیکٹ ڈائریکٹر کی تعیناتی میں میرٹ کو ملحوظ رکھنے اور مختلف متعلقہ شعبوں کے ماہرین کو شفاف انٹرویوز کے ذریعے موقع فراہم کرنے کی ہدایت کی، تاکہ اہل اور قابل امیدوار کا انتخاب یقینی بنایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ ڈائریکٹر کے عہدے کے لیے متعلقہ شعبوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو بھی مقابلے میں شامل ہونے کا مساوی موقع دیا جائے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق کلائمیٹ ریزیلینس پروجیکٹ گلگت بلتستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنانے کے ساتھ بنیادی سہولیات کی فراہمی، محفوظ تعمیرات اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔








