100 روپے کے پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی 17 اگست کو ہوگی
پشاور: 100 روپے کے پرائز بانڈ رکھنے والوں کے لیے اہم خبر سامنے آگئی ہے، نیشنل سیونگز سینٹر کی جانب سے 100 روپے کے پرائز بانڈ کی اگلی قرعہ اندازی پیر، 17 اگست 2026 کو ملتان میں منعقد کی جائے گی۔ قرعہ اندازی میں بانڈ ہولڈرز کو لاکھوں روپے کے نقد انعامات جیتنے کا موقع ملے گا۔
نیشنل سیونگز سینٹر کے مطابق 100 روپے کے پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی نمبر 55 ملتان کے نیشنل سیونگز سینٹر میں ہوگی۔ قرعہ اندازی کے نتائج جاری ہونے کے بعد بانڈ ہولڈرز اپنے پرائز بانڈ نمبرز چیک کرکے معلوم کرسکیں گے کہ آیا ان کا بانڈ کسی انعام کا حقدار قرار پایا ہے یا نہیں۔
قرعہ اندازی میں پہلا انعام 7 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے، جو ایک خوش نصیب فاتح کو دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دوسرے انعام کے 3 فاتحین ہوں گے اور ہر فاتح کو 2 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
اسی طرح قرعہ اندازی میں متعدد خوش نصیب بانڈ ہولڈرز تیسرا انعام بھی جیت سکیں گے، جس کی رقم ایک ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ قرعہ اندازی مکمل ہونے کے بعد کامیاب نمبروں کی مکمل فہرست جاری کی جائے گی تاکہ ملک بھر میں موجود بانڈ ہولڈرز اپنے نمبرز آسانی سے چیک کرسکیں۔
پرائز بانڈ پاکستانی شہریوں کے لیے بچت اور انعام جیتنے کا ایک ذریعہ ہے۔ 100 روپے مالیت کے پرائز بانڈ نیشنل سیونگز سینٹرز اور ملک بھر میں مخصوص کمرشل بینکوں سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ پرائز بانڈ میں لگائی گئی اصل رقم محفوظ رہتی ہے اور بانڈ ہولڈر اسے کسی بھی وقت اس کی اصل مالیت پر کیش کراسکتا ہے۔
حکام کے مطابق پرائز بانڈ سے حاصل ہونے والی انعامی رقم پر انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے تحت ودہولڈنگ ٹیکس عائد ہوتا ہے۔ 2026 کے ٹیکس سال کے لیے ایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ (ATL) میں شامل فائلرز سے انعامی رقم پر 15 فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا، جبکہ نان فائلرز کے لیے ٹیکس کی شرح 30 فیصد مقرر ہے۔
قانون کے تحت انعامی رقم پر سیکشن 156 کے تحت ٹیکس کی کٹوتی کی جاتی ہے اور یہ ٹیکس حتمی تصور ہوتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ انعامی رقم پر پہلے ہی کٹوتی کیا گیا ٹیکس دیگر قابلِ ٹیکس آمدن کے خلاف ایڈجسٹ یا ریفنڈ نہیں کیا جاسکتا۔
17 اگست کو ہونے والی قرعہ اندازی کے بعد بانڈ ہولڈرز کو چاہیے کہ وہ جاری ہونے والی سرکاری فہرست میں اپنے پرائز بانڈ نمبرز ضرور چیک کریں۔ کسی بھی انعام کی صورت میں متعلقہ قواعد کے مطابق انعامی رقم کے حصول کے لیے مقررہ طریقہ کار اختیار کیا جاسکے گا۔





