بیلجیئم میں تعمیراتی کام کے دوران دیواروں سے اربوں روپے مالیت کا سونا برآمد
مشرقی فلینڈرز میں مکان کی مرمت کے دوران سونے کی اینٹیں اور سکے مل گئے، پولیس نے خزانہ تحویل میں لے لیا
بیلجیئم کے علاقے مشرقی فلینڈرز میں ایک مکان کی مرمت کے دوران مزدوروں کو دیواروں کے اندر سے سونے کی اینٹیں اور سکے مل گئے، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 90 لاکھ یورو بتائی گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مکان میں نئے سیوریج پائپ بچھانے کے لیے ڈرلنگ کا کام جاری تھا کہ مزدوروں کو دیوار کے اندر سے اچانک سونے کے سکے اور اینٹیں ملیں۔ پاکستانی کرنسی میں اس خزانے کی مالیت تقریباً 2 ارب 89 کروڑ روپے بنتی ہے۔
موقع پر موجود 18 سالہ طالب علم اور مزدور نے بتایا کہ ابتدا میں انہیں لگا کہ دیوار سے عام سکے نکلے ہیں، تاہم سونے کی اینٹ سامنے آنے کے بعد انہیں خزانے کی اصل مالیت کا اندازہ ہوا۔
مزدوروں نے سونا چھپانے کے بجائے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ سائٹ مینیجر ماریو اور مزدور کوبے کے مطابق اتنی بڑی مالیت کا سونا اپنے پاس رکھنا نہ صرف مشکل تھا بلکہ اسے چھپانا قانونی طور پر بھی سنگین مسئلہ بن سکتا تھا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر تمام سونا اپنی تحویل میں لے لیا اور اسے محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔ حکام کی جانب سے خزانے کے اصل مالک اور اس کی دیوار میں موجودگی سے متعلق مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ مزید خزانے کی تلاش میں مذکورہ مقام کا رخ نہ کریں۔





