وزیر اعظم ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر میں تاخیر پر برہم، جلد فعال کرنے کی ہدایت
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے منصوبہ جلد مکمل کرکے ترجیحی بنیادوں پر فعال کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں نیشنل آئی ٹی بورڈ میں جاری اصلاحات اور اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے شہریوں کو مؤثر، جدید اور بروقت ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ شہریوں کو سرکاری خدمات کے حصول میں سہولت فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے اس مقصد کے لیے مربوط انداز میں کام کریں۔
سرکاری اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن تیز کرنے کی ہدایت
وزیراعظم نے تمام سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو مزید مؤثر بنانے اور سرکاری اداروں میں ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ آئی ٹی اور ڈیجیٹل اصلاحات کے حوالے سے وفاقی وزارتوں کی ای آفس پر منتقلی انتہائی اہم اقدام ہے۔
شہباز شریف نے وفاق کے تمام ماتحت اداروں میں ای آفس کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری امور میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو مزید فروغ دیا جائے۔
وزیراعظم نے تمام سرکاری املاک کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، تاکہ سرکاری ریکارڈ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔
ٹیکنالوجی پارک کی تکمیل میں تاخیر پر برہمی
اجلاس کے دوران اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر میں تاخیر کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، جس پر وزیراعظم نے برہمی کا اظہار کیا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرکے اسے ترجیحی بنیادوں پر فعال کیا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید ہدایت کی کہ اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کے انتظامی امور کو مکمل طور پر آؤٹ سورس کیا جائے تاکہ اسے مؤثر انداز میں چلایا جاسکے۔
حکومت کی جانب سے ڈیجیٹل اصلاحات، ای آفس اور ٹیکنالوجی پارک جیسے منصوبوں کو ملک میں جدید ڈیجیٹل نظام کے فروغ اور شہریوں کو سرکاری خدمات کی بہتر فراہمی کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔





